پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس کیسے بنوائیں۔؟ یا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا طریقہ کار کیا ہے۔؟
پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس کیسے بنوائیں۔؟
السلام علیکم، دوستوں یہ وہ سوال ہے جسکے متعلق تقریبا صوبہ پنجاب میں رہنے والا ہر دوسرا شخص پوچھتا ہے۔
پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس کیسے بنوائیں۔؟ یا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا طریقہ کار کیا ہے۔؟
اگر آپ بھی گاڑی یا موٹرسائیکل چلاتے ہیں تو یقیناََ آپ کے ذہن میں بھی یہ سوال ابھرتا ہوگا۔آج کے اس مضمون میں ہم آپکو صوبہ پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا مکمل طریقہ کار بتائیں گے اسکے علاوہ آپکو یہ بھی بتائیں گے کہ ڈرائیونگ لائسنس رینیول کروانے کا طریقہ کار کیا ہے؟اس تحریر میں ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق تمام سوالوں کے جوابات مل جائیں گے۔
ڈرائیونگ لائسنس ایک سرکاری دستاویز ہے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ دستاویز جس شخص کے نام جاری کیا گیا ہے وہ شخص ڈرائیونگ کرنا اور ڈرائیونگ کے اصول جانتا ہے۔ُپنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا طریقہ کیا ہے؟ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لئے کون کونسے کاغذات کی ضرورت پڑتی ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لئے عمر کی حد کیا ہے؟ڈرائیونگ لائسنس کی کتنی اقسام ہیں ۔ ؟
ڈرائیونگ لائسنس بنوانا کیوں ضروری ہے۔؟
موٹروہیکل آرڈیننس 1965 کے مطابق کوئی بھی شخص جو گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے کی صلاحیت رکھتا ہو اسکے لئے بہت ضروری ہے کہ وہ اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی یا موٹرسائیکل چلانا قانوناََ جرم ہے۔ لہذا ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔
اہلیت اور عمر کی حد
پاکستانی شناختی کارڈ کا حامل ہر وہ شہری ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا اہل ہے۔پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے رہائشی ضلع سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔ مطلب آپکے شناختی کارڈ پر جس ضلع کا اندراج ہے آپ صرف اس ضلع سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ اگر آپ ملازمت یا کاروبار کے سلسلہ میں اپنے ضلع سے باہر ہیں تو آپ اس ضلع میں جہاں آپکی ملازمت یا کاروبار ہے وہاں سے بھی ڈرائیونگ لائسنس کے لئے اپلائی کرسکتے ہیں لیکن اسکے لئے آپکو اپنے قومی شناختی کارڈ پر اپنا عارضی پتہ تبدیل کروا کے اس ضلع کا اندراج کروانا ہوگا جس ضلع سے آپ ڈرائیونگ لائسنس کے لئے اپلائی کر رہے ہیں۔
موٹرسائیکل ، موٹرکار اور کمرشل ایل ٹی وی کے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے کم ازکم عمر اٹھارہ (18) سال ہونی چاہیے۔ ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز HTVڈرائیونگ لائسنس کے لئے کم ازکم عمر اکیس سال ہے۔ HTVڈرائیونگ لائسنس ڈائریکٹ نہیں بن سکتا اسکے لئے ضروری ہے کہ پہلے آپکے پاس تین سال قبل بنا ہوا LTVڈرائیونگ لائسنس ہو۔ اسکے بعد HTVڈرائیونگ لائسنس بنوایا جاسکتا ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا طریقہ کار
پہلا مرحلہ لرننگ ڈرائیونگ پرمٹ کا حصول
کوئی بھی شخص جو ڈرائیونگ لائسنس کے لئے اپلائی کرتا ہے تو اسکو سب سے پہلے لرنر ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔
لرننگ ڈرائیونگ پرمٹ کیا ہوتا ہے۔؟
کوئی بھی شخص جو ڈرائیونگ لائسنس کے لئے اپلائی کرتا ہے تو اسکو سب سے پہلے لرنر ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ لرنر پرمٹ جاری ہونے کے چھ ہفتوں یعنی 42 دن کے بعد ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ کے لئے اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ 42 دن سے پہلے ڈرائیونگ ٹیسٹ نہیں لیا جاسکتا۔ لرنر پرمٹ پر ڈرائیونگ لائسنس کے لئے اپلائی کرنے والا شخص کسی کھلے گرائونڈ میں یا ایسی سڑک جو آبادی سے دور ہو اور اس پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہو گاڑی چلانے کی پریکٹس کرے گا۔ اور اس شخص کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی گاڑی کی فرنٹ اور بیک دونوں شیشوں پر ایک بڑا سٹکر جس پر انگریزی لیٹر "L" سرخ رنگ میں لکھا ہو چسپاں کریگا۔ تاکہ دیگر روڈ یوزر کو اندازہ ہوسکے کہ یہ شخص ابھی گاڑی سیکھنے کے مراحل میں ہے لہذ ا احتیاط برتی جائے۔
لرنر پرمٹ جاری ہونے کے چھ (6) ماہ تک کارآمد ہوتا ہے ۔
لرنر پرمٹ کے حصول کے لئے ذیل کاغذات کا ہونا ضروری ہے۔
1۔ قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی
2۔ کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جو نادرہ سے جاری شدہ ہو اسکی فوٹوکاپی
3۔ پوسٹل ڈرائیونگ ٹکٹس جو ڈاکخانے سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
ہر کیٹیگری کے لئے ایک پوسٹل ڈرائیونگ ٹکٹ کی مالیت ساٹھ (60) روپے ہے۔ اور ایک وقت میں دو کیٹیگری کے لرنر پرمٹ کے لئے اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ مثلا ََ موٹرسائیکل اور موٹرکار دو علیحدہ علیحدہ کیٹیگریاں ہیں۔ اس لحاظ سے موٹرسائیکل اور موٹرکار کے دو علیحدہ علیحدہ لرننگ پرمٹ جاری ہونگے۔ موٹرسائیکل اور موٹرکار کے لرننگ پرمٹس کے لئے ٹوٹل 120 روپے مالیت کے پوسٹل ڈرائیونگ ٹکٹس درکار ہوں گے۔
4۔ پچاس سال سے زائد عمر کی صورت میں میڈیکل فارم بھی جمع کروانا ضروری ہے۔
دوسرا مرحلہ ٹریفک سائن ٹیسٹ اور ڈرائیونگ ٹیسٹ
لرننگ حاصل کرنے کے بعد دوسرے مرحلے میں وہ شخص جس نے لرننگ پرمٹ حاصل کیا ہوا ہو وہ لائسنسنگ اتھارٹی (ٹریفک پولیس ڈرائیونگ لائسنس سنٹر) میں ٹریفک سائن ٹیسٹ کے لئے اپلائی کریگا۔
ٹریفک سائن ٹیسٹ کے لئے اپلائی کرتے وقت ذیل کاغذات کا ہونا ضروری ہے۔
(1) لرننگ پرمٹ اصل (2) قومی شناختی کارڈ کی کاپی (3) کرونا سرٹیفکیٹ کی کاپی
ٹریفک سائن ٹیسٹ
درج بالا کاغذات جمع کروانے کے بعد کمپیوٹر پر آپکا ٹریفک سائن ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ ٹریفک سائن ٹیسٹ میں امیدوار کے سامنے کمپیوٹر کی ٹچ سکرین ہوتی ہے جس پر سائن ٹیسٹ دینے والے امیدوار سے ٹوٹل دس (10) معروضی MCQسوالات پوچھے جاتے ہیں اور امیدوار کو 100 سیکنڈ میں ان دس سوالات کے جوابات دینا ہوتے ہیں ۔ اگر امیدوار مقررکردہ وقت میں 6 سوالات کے درست جواب دیتا ہے تو وہ ٹریفک سائن ٹیسٹ میں پاس تصور کیا جاتا ہے۔
ریفک سائن ٹیسٹ کی تیاری کے لئے اس ویب سائیٹ کا وزٹ کریں یا گوگل پلے سٹور سے ایپ ڈائون لوڈ کریں۔ اسکی مدد سے آپ تیاری کرکے آسانی سے ای سائن ٹیسٹ پاس کرسکتے ہیں۔
ڈرائیونگ ٹیسٹ
جو امیدوار ٹریفک سائن ٹیسٹ پاس کرلیتا ہے وہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کا اہل ہوتا ہے۔ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں امیدوار کو ایک مخصوص ٹریک میں گاڑی چلانے اور ریورس کرنے کا کہا جاتا ہے۔ اور جو امیدوار ڈرائیونگ ٹیسٹ میں کامیاب ہوجائے اسکو ڈرائیونگ لائسنس جاری کردیا جاتا ہے۔